نئی دہلی ،27؍ مارچ(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج ڈوکلام مسئلے کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کیا اور امید کہاکہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے 56 انچ والے طاقتورشخص کے پاس کوئی تو منصوبہ بندی ہو گی۔راہل کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے جبکہ چین نے پیر کو یہ دعوی کیا کہ ڈوکلام اس کا ہے اور ہندوستان نے گزشتہ سال کی رشہ کشی سے سبق سیکھ لیا ہوگا۔کانگریس صدر نے چین کے بیان کی طرف توجہ دلاتے ہوئے ٹویٹ کرکے کہاکہ گزشتہ ہفتے ہزاروں لوگوں نے میرے ٹویٹر سروے میں حصہ لیا۔63 فیصد لوگوں کا خیال تھا کہ مودی جی ڈوکلام مسئلے سے نمٹنے کے گلے لگانے کی پالیسی اپنائیں گے، آر ایم(وزیر دفاع)پر الزام لگائیں گے اور عوامی طور پر شور کریں گے۔راہل نے کہاکہ ہندوستان کے لحاظ سے میں امید کرتا ہوں کہ آپ غلط ہوں اور ہمارے 56 انچ کی طاقتور شخص کے پاس کوئی منصوبہ بندی ہوگی۔ہندوستان اور چین کے فوجیوں کے درمیان گزشتہ سال سکم کے پاس ڈوکلام میں 73 دنوں تک رشہ کشی جاری تھی۔اس سے پہلے ہندوستانی فریق نے چینی فوج کی طرف سے متنازعہ علاقے میں سڑک کی تعمیر کو روک دیا تھا۔